Click down to learn more
*کیا آپ جانتے ہیں پاکستان کی قومی علامتیں کونسی ہیں؟*
اسلام آباد: کوئی فرد ہو یا ادارہ، قوم ہو یا ملک اپنی انفرادیتوں کی وجہ سے جداگانہ شناخت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔ یہ علامتیں مختلف شعبوں سے متعلق ہوتے ہوئے بھی مجموعی طور پر ایک منفرد خاکہ پیش کرتی ہیں۔
پاکستان بھی مختلف علامتوں یا اشیاء کو قومی درجہ دیے ہوئے ہے۔ ان میں پھولوں سے لے کر ایام تک شامل ہیں۔ عمومی دلچسپی کے پیش نظر ذیل میں ہم وہ فہرست پیش کر رہے ہیں جنہیں پاکستان میں قومی درجہ حاصل ہے۔
*قومی دن*
پاکستان کا قومی دن ’’ یوم ہاکستان ‘‘ ہر سال 23 مارچ کو منایا جاتا ہے۔ 23 مارچ 1940 کو قرار داد پاکستان منظور ہوئی تھی اور اسی دن پاکستان کا پہلا آئین 1956 میں منظور ہوا تھا۔
*قومی نعرہ*
پاکستان کے قومی نعرے کے حوالے سے بلا شبہ تمام پاکستانی بخوبی واقف ہیں۔ ’’ پاکستان کا مطلب کیا لا الٰہ الا اللہ ‘‘ کا نعرہ سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے مشہور شاعر اصغر سودائی نے 1944 میں لگایا جو تحریک پاکستان کے دوران بہت جلد زبان زدعام ہو گیا۔
*قومی شاعر*
پاکستان کے قومی شاعر کوئی اور نہیں بلکہ برصغیر میں اسلامی ریاست کے قیام کا خواب دیکھنے والے شاعر مشرق اور حکیم الامت حضرت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ہیں۔
*قومی پرچم*
سبز ہلالی پرچم کہلانے والا پاکستانی جھنڈا یا قومی پرچم سفید کے علاوہ سبز رنگ رکھتا ہے۔ گہرے سبز رنگ پر پانچ کونوں والا سفید ستارہ اور ہلال نمایاں ہوتے ہیں۔
سبز رنگ، ستارہ اور ہلال مسلمانوں کی نمائندگی کرتا ہے جب کہ سفید رنگ کی پٹی پاکستان میں آباد مختلف مذہبی اقلیتوں کی نمائندگی کرتی ہے۔
قومی پرچم گیارہ اگست 1947 کو دستور ساز اسمبلی میں پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان نے پیش کیا تھا۔
*قومی ترانہ*
’’ پاک سرزمین ‘‘ پاکستان کا قومی ترانہ ہے جسے نامور شاعر ابو الاثر حفیظ جالندھری نے تحریر کیا۔ قومی ترانہ کو 1954 میں منظور کیا گیا تھا۔
قومی ترانہ کی دھن مشہور موسیقار احمد جی چھاگلہ نے مرتب کی تھی جس کا کل دورانیہ 80سیکینڈ پر محیط ہے۔
*قومی زبان*
پاکستان کی قومی زبان کا درجہ اردو زبان کو حاصل ہے۔
*قومی پھول*
پاکستان کا قومی پھول یاسمین ہے جو اپنے سفید رنگ اور خوشبو کے حوالے سے مشہور ہے۔
*قومی لباس*
پاکستان کا قومی لباس شلوار قمیض ہے، سردیوں کے موسم میں اس میں جناح کیپ اور شیروانی کا اضافہ کر دیا جاتا ہے۔
*قومی کھیل*
شاید آپ سمجھتے ہوں گے کہ پاکستان کا قومی کھیل کرکٹ ہے البتہ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کا قومی کھیل ہاکی ہے۔
*قومی جانور*
پاکستان کا قومی جانور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں مین کثرت سے پایا جانے والا مارخور ہے۔
*قومی پرندہ*
پاکستان کا قومی پرندہ چکور ہے۔
*قومی پھل*
پاکستان کا قومی پھل پھلوں کے بادشاہ آم کو قرار دیا جاتا ہے۔
*قومی مشروب*
آپ کو جان کر حیرت ہوگی کہ پاکستان کا قومی مشروب کوئی نایاب یا پھر خاص مشروب نہیں بلکہ عام طور پر ٹھیلوں پر فروخت ہونے والا ہر دل عزیز اور فرحت بخش گنے کا رس ہے۔
*قومی کھانا*
غیر سرکاری طور پر نہاری کو پاکستان کا قومی کھانا قرار دیا جاتا ہے۔
*